مولانا فضل الرحمٰن اخلاقی جرات دکھائیں، مخصوص نشستیں نہ لیں، ترجمان کے پی حکومت

مولانا فضل الرحمٰن اخلاقی جرات دکھائیں، مخصوص نشستیں نہ لیں، ترجمان کے پی حکومت

خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ مخصوص نشستیں صرف اور صرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا حق ہیں، اور اپوزیشن جماعتوں بالخصوص مولانا فضل الرحمان کو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان نشستوں سے دستبردار ہو جانا چاہیے۔

نجی ٹی وی چینل (دنیانیوز)کے مطابق اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ اگر اپوزیشن جماعتوں میں ذرا بھی اخلاقی جرات باقی ہے تو وہ مخصوص نشستیں لینے سے انکار کریں گی۔ ان کے مطابق قانون اور عدالتی فیصلے 26ویں آئینی ترمیم کے تحت جکڑے ہوئے ہیں، مگر اخلاقی جرات آئینی ترمیم کی پابند نہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ پہلے فارم 47 کے ذریعے انتخابی مینڈیٹ چرایا گیا، اور اب مخصوص نشستیں بھی اُن جماعتوں میں بانٹی جا رہی ہیں جنہیں عوام نے مسترد کیا۔ بیرسٹر سیف کے مطابق یہ اقدام عدالتی فیصلے کے نام پر ایک سیاسی حق کو’’نیلامی‘‘ پر لگانے کے مترادف ہے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’’جعلی حکومت‘‘ نے پی ٹی آئی کو ختم کرنے کے لیے ہر ممکن حربہ آزمایا، مگر وہ ناکام رہی۔ ان کے بقول ان تمام کوششوں کے باوجود پی ٹی آئی نہ صرف قائم رہی بلکہ مزید طاقتور ہو کر ابھری ہے۔

بیرسٹر سیف نے امیر حیدر خان ہوتی کے مخصوص نشستیں نہ لینے کے بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو بھی اسی طرح اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ مولانا فضل الرحمان نے 26ویں آئینی ترمیم کے وقت پی ٹی آئی کا ساتھ چھوڑ دیا تھا، اس لیے اب انہیں موقع ہے کہ وہ اصولی مؤقف اختیار کر کے مخصوص نشستوں سے دستبردار ہو کر سیاسی اخلاقیات کی مثال قائم کریں۔

Scroll to Top