برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستانی نژاد بزنس مین شفیق اکبر کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر اعلیٰ اعزازاچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
یہ اعزاز ایک پروقار تقریب میں لارڈ شفق محمد کی جانب سے پیش کیا گیا، جس میں شفیق اکبر کی پاکستان میں سرمایہ کاری، معیاری منصوبوں کے آغاز اور سینکڑوں ملازمتیں فراہم کرنے کو سراہا گیا۔
ایوارڈ وصول کرنے کے بعد شفیق اکبر نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں ان کے کام کا اعتراف ان کے لیے کسی بھی ایوارڈ سے بڑھ کر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ بطور طالب علم برطانیہ آئے، لندن میں 15 سال گزارے اور پھر پاکستان جا کر کاروبار شروع کیا، جو ان کی زندگی کا بہترین تجربہ رہا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں 14 جولائی سے پولیو مہم کا آغاز، ڈیڑھ لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف
شفیق اکبر نے اوورسیز پاکستانیوں کو بھی ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع دنیا کے کسی اور ملک میں دستیاب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سازگار ماحول سے بھرپور فائدہ اٹھا کر اوورسیز پاکستانی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔





