جنید اکبر نے پارٹی کے چھوٹے مسائل ختم کرنے کا فارمولا بتادیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جنید اکبر خان نے پارٹی کے اندرونی اختلافات اور چھوٹے مسائل کے حل کے لیے ایک سادہ مگر مؤثر فارمولا پیش کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بانیٔ پی ٹی آئی کی فیملی، خصوصاً علیمہ خان، پارٹی احتجاج کی قیادت کریں تو اس سے نہ صرف کارکنوں کے جذبے کو جِلا ملے گی بلکہ پارٹی کے اندر پائے جانے والے چھوٹے اختلافات بھی ختم ہو سکتے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل’’جیو نیوز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہا کہ پارٹی کارکنان بانیٔ تحریک انصاف کی فیملی سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور اگر علیمہ خان اپنے بھائی کی حمایت میں میدان میں آئیں، تو یہ ایک مضبوط پیغام ہوگا۔ ’’ہم چاہتے ہیں کہ علیمہ خان تحریک کی قیادت کریں، کیونکہ ان پر تمام ارکان کا اتفاق ہے،‘‘

جنید اکبر کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو پُرامن احتجاج کا مکمل آئینی حق حاصل ہے، تاہم ماضی میں احتجاج کے دوران ریاست کا جو ردِعمل آیا، اس کی توقع پارٹی قیادت اور کارکنان کو نہیں تھی۔

انہوں نے کہا، ’’ہم سیاسی لوگ ہیں، اسلحہ اٹھانے والے نہیں۔ اگر ورکر ہم سے محبت کرتے ہیں تو وہ بانیٔ پی ٹی آئی کی شخصیت کی وجہ سے ہے۔‘‘

جنید اکبر نے زور دیا کہ اختلافات کسی بھی جماعت میں ہو سکتے ہیں لیکن پی ٹی آئی میں کوئی بڑی لڑائی نہیں، صرف رائے کا فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو متحد رکھنے کے لیے بانی کی فیملی کا فعال کردار ناگزیر ہو چکا ہے اور یہی اتحاد کی ضمانت ہے۔

Scroll to Top