خفیہ ملاقاتوں کا عادی نہیں، الزامات سے پہلے تحقیق کریں، علی امین گنڈاپور

خفیہ ملاقاتوں کا عادی نہیں، الزامات سے پہلے تحقیق کریں، علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بعض سیاسی حلقوں کی جانب سے ان پر خفیہ ملاقاتوں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر تحقیق الزام لگانا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ عمل ہے بلکہ گناہ کے مترادف بھی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز)کے مطابق علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا، ’’میں کوئی خفیہ ملاقات نہیں کرتا، فلاسفر بیٹھ کر صرف ایک تصویر کی بنیاد پر تہمتیں لگاتے ہیں، جبکہ حقیقت کو جانے بغیر الزامات لگانا ظلم ہے۔‘‘

انہوں نے واضح کیا کہ وہ گورنر ہاؤس کسی خفیہ ملاقات کے لیے نہیں بلکہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے گئے تھے، جو ایک سرکاری تقریب تھی۔

تحریک انصاف کی سیاسی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پارٹی کی تحریک کافی وقت سے جاری ہے، اور اب اسے دوبارہ منظم انداز میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق، ’’دو دن میں واضح ہو جائے گا کہ تحریک کی نوعیت کیا ہوگی، تاہم وقت سے پہلے تفصیلات بتانا درست نہیں کیونکہ مخالفین اس کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔‘‘

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ فی الحال بانیٔ پی ٹی آئی نے کسی خاص مقام پر احتجاج کی ہدایت نہیں دی، تاہم اس حوالے سے لائحہ عمل پارٹی قیادت کی مشاورت سے طے کیا جائے گا۔

ملک کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا، ’’اس ملک میں نہ قانون کی بالادستی ہے اور نہ روزگار۔ یہ دیکھ کر دکھ ہوتا ہے کہ ہماری قوم کس سمت جا رہی ہے۔‘‘

Scroll to Top