وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہمیشہ وہ قوم دفاعی طور پر کمزور ہوتی ہے جو اپنے شہداء کو فراموش کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں گراں قدر قربانیاں دی ہیں، جنہیں کبھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
نجی ٹی وی چینل (ہم نیوز)کیمطابق وزیراعلیٰ نے یہ بات پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے خیبرپختونخوا پولیس کے کردار اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس کو درکار تمام وسائل فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پولیس کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے، جو 187 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔ ان کے مطابق پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ ان کی خدمات کا بہتر صلہ دیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو اسلحہ درکار تھا، اس میں سے کچھ مہیا کر دیا گیا ہے، باقی جلد آ جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ وسائل کی کوئی کمی نہیں، پولیس کو جو بھی ضرورت ہو گی وہ پوری کی جائے گی۔
خطاب کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ بطور وزیراعلیٰ آج تک کسی کی سفارش نہیں کی، اور نہ ہی آئندہ کریں گے۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ غریب افراد کو معمولی غلطی پر جرمانہ نہ کیا جائے، جبکہ بڑی گاڑیوں یا صاحبِ حیثیت افراد پر ضرورت پڑنے پر زیادہ جرمانہ ضرور کیا جائے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، اور حکومت اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے قرض دار ہیں اور انہیں کبھی فراموش نہیں کریں گے۔





