کابل: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایک روزہ سرکاری دورے پر افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے افغان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی روابط کو وسعت دینے، تجارت اور علاقائی رسائی بڑھانے، اور سیکیورٹی سے متعلق تعاون میں اضافے پر اتفاق رائے کیا۔
فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ معاشی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے علاقائی ربط کو مستحکم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
اس دورے کے دوران اسحاق ڈار کابل میں ازبکستان-افغانستان-پاکستان (UAP) ریلوے منصوبے کے مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی کے فریم ورک معاہدے پر دستخط کریں گے۔پاکستانی وفد میں وزیر ریلوے، وزیراعظم کے افغانستان کے لیے معاونِ خصوصی و نمائندہ خصوصی، اور وزارتِ ریلوے کے سیکریٹری شامل ہیں۔
UAP ریلوے منصوبے کا بنیادی مقصد ازبکستان کو افغانستان کے راستے پاکستان سے ریلوے کے ذریعے جوڑنا ہے تاکہ وسطی ایشیائی ریاستوں کو پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی حاصل ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا سینیٹ الیکشن، بلامقابلہ انتخاب خطرے میں پڑ گیا
دورے کے دوران اسحاق ڈار افغان عبوری وزیراعظم سے بھی ملاقات کریں گے جس میں باہمی تعلقات کے فروغ اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔




