بھارت 10 مئی کا سبق یاد رکھے، فتنہ ہو یا دہشتگردی، پیچھے بھارت ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 10 مئی کا سبق نہ بھولے، سندھ طاس معاہدے سے متعلق ہر اقدام کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چاہے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) ہو یا فتنہ الہندوستان، دونوں کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔

سماء نیوز کےپروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے واضح کیا کہ ملک میں امن و امان کا قیام بنیادی طور پر صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، تاہم وفاق بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

بلوچستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ صوبے میں سرجری جاری ہے، جس کے بعد سیاسی ،مرہم پٹی کر کے مسائل کا مکمل علاج کیا جائے گا۔ ملک کے پسماندہ علاقوں میں امن کے قیام کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔

سینیٹ انتخابات سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے ناراض اراکین اور دیگر سیاسی قوتوں کے مابین سیٹوں پر سیاسی مفاہمت کو خوش آئند قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر خزانہ کی امریکی وزیر کامرس سے ملاقات، پاک امریکا تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کا عزم

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام جمہوریت کے لیے مثبت اشارہ ہے اور خواہش ہے کہ ایسی سیاسی سوچ قومی سطح پر بھی پروان چڑھے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بیشتر رہنما اب حقیقت کو سمجھنے لگے ہیں، اگر پارٹی بانی (عمران خان) کو یہ بات سمجھ نہیں آتی تو یہ ان کا ذاتی مسئلہ ہے۔

Scroll to Top