وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے گورنر ہاؤس میں مخصوص نشستوں پر ارکان اسمبلی کی حلف برداری کو آئین کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اسے عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 65 کے مطابق حلف صرف اسمبلی فلور پر لیا جا سکتا ہے جبکہ گورنر ہاؤس میں حلف لینا غیر آئینی عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 255(2) صرف اس صورت میں لاگو ہوتا ہے جب حلف لینا نا ممکن یا ناقابلِ عمل ہو لیکن یہاں ایسا کوئی جواز موجود نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سپیکر نے حلف لینے سے انکار نہیں کیا بلکہ کورم مکمل نہ ہونے کے باعث اجلاس ملتوی ہوا تھا، انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ اور سپیکر نے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کی ہیں اور 24 جولائی کو اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ اور سپیکر حلف لینے سے انکار کریں تو چیف جسٹس کسی کو نامزد کر سکتا ہے تاہم فی الحال وہ گورنر ہاؤس میں مخصوص نشستوں کی حلف برداری کو چیلنج کر رہے ہیں اور کل ہائیکورٹ میں اس کے خلاف درخواست دائر کریں گے۔





