وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی کابل میں افغان ہم منصب سے ملاقات، دوطرفہ سیکیورٹی تعاون پر اتفاق

کابل: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اپنے افغان ہم منصب سراج الدین حقانی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، انسداد دہشت گردی، سرحدی دراندازی اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک افغان بارڈر منیجمنٹ کو مؤثر بنانے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے، اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

ذرائع کے مطابق گفتگو میں منشیات کی روک تھام، سرحد پار غیر قانونی نقل و حرکت کو منظم کرنے کے اقدامات، اور پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی وطن واپسی کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں خطے میں عدم استحکام اور فساد کا باعث بن رہی ہیں، جن کے خاتمے کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ برادرانہ، پائیدار اور مثبت تعلقات کا خواہاں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا

کابل آمد پر افغانستان کے نائب وزیر داخلہ محمد نبی عمری نے ان کا استقبال کیا، جبکہ افغان وزارت داخلہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Scroll to Top