کاشغر میں کے پی وفد کی اہم بیٹھک، رواداری و امن پر چینی قیادت سے تبادلہ خیال

کاشغر میں کے پی وفد کی اہم بیٹھک، رواداری و امن پر چینی قیادت سے تبادلہ خیال

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کی قیادت میں پاکستانی وفد نے سنکیانگ کے بعد تاریخی شہر کاشغر کا دورہ کیا، جہاں چینی وزارتِ خارجہ اور مقامی حکومت نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز )کے مطابق دورے کے دوران پاکستانی وفد نے کاشغر کے مذہبی رہنماؤں اور اسکالرز سے ملاقاتیں کیں، جن میں مذہبی ہم آہنگی، بین المذاہب رواداری اور انتہا پسندی کے خاتمے جیسے اہم موضوعات پر بامعنی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد کو کاشغر کی تاریخی، ثقافتی اور تجارتی اہمیت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ پاکستانی وفد نے شہر کی معروف پانچ سو سالہ قدیم عیدگاہ مسجد کا بھی دورہ کیا، جہاں مسجد کی انتظامیہ نے مسجد کی تاریخ، تعمیراتی مراحل اور موجودہ حیثیت پر تفصیلی آگاہی فراہم کی۔

مزید برآں، وفد کو کاشغر میں 2008ء کے زلزلے کے بعد کی گئی تعمیر نو، ترقیاتی منصوبوں اور جدید انفرااسٹرکچر کے ماڈلز، ویڈیوز اور نقشوں کے ذریعے مفصل بریفنگ دی گئی۔

دورے کے دوران خیبرپختونخوا وفد نے چینی حکومت کے سماجی و فلاحی اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں ’’قابل تقلید مثال‘‘ قرار دیا۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ’’کاشغر نہ صرف مسلم تاریخ میں اہم مقام رکھتا ہے بلکہ اس کی ترقی اور بحالی کی رفتار واقعی کسی عجوبے سے کم نہیں۔‘‘

وفد نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مذہبی رواداری، ثقافتی تبادلوں اور امن کے فروغ میں ایسے روابط اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔

Scroll to Top