باجوڑ: ضلعی انتظامیہ نے تحصیل لوئے ماموند کے 16 دیہات میںآج 29 جولائی کی شام 5 بجے سے 31 جولائی کی شام 5 بجے تک تین روزہ کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
یہ اقدام عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کے دوران عوامی حفاظت کے لیے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کمیٹی (DICC) کی سفارشات پر عمل میں لایا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ضابطہ فوجداری (سی آر پی سی) 1898 کی دفعہ 144 کے تحت حکم جاری کیا گیا، جس کے مطابق بادسیاہ،ترخو،ایراب،گٹ،اگرہ،خوڑچئے،داواوگئی،کلان،لغڑئے،کٹکوٹ،گیلئے،نختر،زرئے،ڈمبرئے،امانتااور زگئےسمیت 16 دیہات میں گھروں سے باہر نکلنے اور سڑکوں پر نقل و حرکت مکمل طور پر ممنوع ہے۔
انتظامیہ نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ تمام رہائشی پابندیوں کی تعمیل کریں اور خلاف ورزی کرنے والے پاکستان پینل کوڈ (PPC) کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کے شکار ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان: تحصیل برمل میں آج مکمل کرفیو نافذ، ہر قسم کی نقل و حرکت پر پابندی
ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی یقین دہانی کے تحت حکم کی عوامی آگاہی کے لیے سرکاری گزٹ، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اور باجوڑ بھر میں نمایاں مقامات پر نوٹس آویزاں کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اگر حالات میں بہتری آتی ہے تو پابندیوں میں ترمیم یا اسے وقت سے پہلے واپس لینے کے امکانات بھی موجود ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ مؤثر کرفیو امن و امان برقرار رکھنے اور انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات کے دوران ممکنہ ناخوشگوار واقعات سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے۔





