قاسم اور سلیمان پاکستان ضرور آئیں گے، کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے ،شیخ وقاص

قاسم اور سلیمان پاکستان ضرور آئیں گے، کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے ،شیخ وقاص

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے قاسم اور سلیمان پاکستان ضرور آئیں گے، اور اس حوالے سے کسی کو شک میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے۔

قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ )کے مطابق اپنے بیان میں شیخ وقاص نے کہا کہ عمران خان کے بچوں نے پاکستان آنے کا فیصلہ خود کیا ہے اور اب صرف ان کی آمد کی تاریخ کا تعین باقی ہے۔

’’جب قاسم اور سلیمان نے آنے کا فیصلہ کیا، تو انہوں نے اپنے والد کو واضح طور پر بتایا کہ وہ اجازت نہیں لے رہے، بلکہ اطلاع دے رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے میڈیا اور سیاسی حلقوں میں زیر گردش خبروں کو پروپیگنڈہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی باتوں کا کوئی فائدہ نہیں، بلکہ صرف بے بنیاد قیاس آرائیاں پھیلائی جا رہی ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے بچوں کو پاکستان آنے سے روکا ہے۔ ان کا کہنا تھا’’عمران خان نے کبھی بھی اپنے بیٹوں کو پاکستان آنے سے نہیں روکا، ایسی باتیں گمراہ کن اور بے بنیاد ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں یہ خبریں منظر عام پر آئی تھیں کہ عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ ان کے بیٹے پاکستان نہیں آئیں گے اور کسی احتجاجی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے۔

ذرائع کے مطابق، قاسم اور سلیمان مبینہ طور پر اپنے والد کی رہائی کے لیے پاکستان میں تحریک چلانے کا ارادہ رکھتے تھے، مگر بعد ازاں یہ دعویٰ سامنے آیا کہ انہیں عمران خان نے پاکستان آنے سے روک دیا ہے۔

شیخ وقاص کا تازہ بیان ان خبروں کی واضح تردید کے طور پر سامنے آیا ہے، جس سے پی ٹی آئی کے اندرونی معاملات پر ایک نیا رخ سامنے آیا ہے۔

Scroll to Top