محکمہ موسمیات نے 4 اگست سے 7 اگست کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے بدھ (5 سے 7 اگست) کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ دیگر شہروں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش متوقع ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ 4 اگست سے مون سون بارشوں کی شدت میں واضح اضافہ دیکھا جائے گا، جس کے باعث راولپنڈی، مری، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور بالائی سندھ کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر شدید بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور دیہی علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔





