پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق ہوگیا، اسحاق ڈار

پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق ہوگیا، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان ایران بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے،دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مذہبی، ثقافتی اور برادرانہ بنیادوں پر استوار ہیں جنہیں مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت میں موجود مواقع سے مکمل استفادہ کیا جانا چاہیے اور اس راہ میں حائل رکاوٹوں کو مشترکہ طور پر دور کیا جائے گا۔

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران شنگھائی تعاون تنظیم اور اقتصادی تعاون تنظیم  کے پلیٹ فارمز پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں جو خطے میں تعاون اور ترقی کے لیے اہم ہیں۔

اسحاق ڈار نے یقین دہانی کرائی کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پاکستان بہترین ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں، ایرانی صدر مسعود پزشکیان

معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے تمام معاشی اشاریے درست سمت میں جا رہے ہیں جبکہ مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

Scroll to Top