اٹلس ہونڈا نے بالآخر پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے میدان میں قدم رکھ دیا ہے، جہاں اس نے اپنا پہلا مکمل برقی اسکوٹر “آئیکون ای” (ICON e:) متعارف کرایا ہے۔
کمپنی نے اس جدید اسکوٹر کی ابتدائی قیمت 4,19,900 روپے مقرر کی ہے۔اگرچہ مارکیٹ میں موجود چینی برقی اسکوٹروں کے مقابلے میں یہ ماڈل قیمتاً زیادہ محسوس ہوتا ہے، تاہم ہونڈا کی برانڈ ویلیو اور اعتبار کو دیکھتے ہوئے اسے صارفین کی جانب سے ایک پائیدار اور محفوظ انتخاب سمجھا جا رہا ہے۔
کمپنی نے تاحال اس ماڈل کی مکمل مقامی تفصیلات فراہم نہیں کیں، لیکن غیر مصدقہ رپورٹس کے مطابق یہ وہی اسکوٹر ہے جو اکتوبر 2024 میں انڈونیشیا میں لانچ کیا گیا تھا۔
ساتھ ہی، اٹلس ہونڈا نے 150 سی سی کیٹیگری میں نئی موٹر سائیکل “CG 150” بھی متعارف کروائی ہے جو جدید فیچرز اور کم قیمت کے باعث صارفین کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
یہ موٹر سائیکل بظاہر سی جی 125 کے ڈیزائن سے متاثر دکھائی دیتی ہے، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے مکمل طور پر نئی شناخت اور بہتر فیچرز کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔
سی جی 150 میں نہ صرف الائے ویلز اور کروم فینڈرز شامل کیے گئے ہیں بلکہ اس کے ہیڈ لائٹ کو بھی جدید ایل ای ڈی ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ہے، جو اسے روایتی ڈیزائن کے ساتھ ایک نیا انداز دیتا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس موٹر سائیکل میں ایسا انجن استعمال کیا گیا ہے جو طاقتور کارکردگی کے ساتھ ساتھ ایندھن کی بچت میں بھی معاون ہے، جو موجودہ معاشی حالات میں خریداروں کے لیے خاص کشش رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور ہائیکورٹ میں سینئر پِیونی جج کو جوڈیشل کمیشن سے نکالنے کے خلاف درخواست دائر
اٹلس ہونڈا نے اس موٹر سائیکل کی ایکس فیکٹری قیمت 4 لاکھ 59 ہزار 900 روپے مقرر کی ہے جسے 150 سی سی کیٹیگری میں نسبتاً کم قیمت تصور کیا جا رہا ہے۔





