پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 5 اگست کو اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کی منصوبہ بندی کے بعد، جیل انتظامیہ نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر فوری اضافی نفری تعینات کرنے کی درخواست کر دی ہے۔
اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم نے سی پی او راولپنڈی کو باقاعدہ خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ جیل کے اطراف، خصوصاً گیٹ نمبر 5 سے داہگل چیک پوسٹ تک اضافی پولیس نفری اور بیریئرز لگائے جائیں تاکہ کسی بھی غیر قانونی اجتماع یا ممکنہ ہنگامہ آرائی کو روکا جا سکے۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ’’اڈیالہ جیل میں سیاسی اور دہشت گرد قیدی موجود ہیں، جس کی وجہ سے جیل ایک انتہائی حساس مقام بن چکا ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے فوری سیکیورٹی اقدامات ناگزیر ہیں۔‘‘
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں اس وقت 7,700 قیدی موجود ہیں، جب کہ جیل کی اصل گنجائش صرف 2,174 قیدیوں کی ہے۔ اس حد سے زیادہ بھیڑ کے باعث سیکیورٹی صورتحال مزید پیچیدہ ہو چکی ہے۔
جیل کے باہر مظاہروں کو روکنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے لیے ہوم ڈپارٹمنٹ، آئی جی جیل خانہ جات اور آر پی او کو بھی مراسلے بھیجے گئے ہیں۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر خطرناک نتائج کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے بروقت اقدامات ناگزیر ہیں۔





