نااہلی ریفرنس پر سماعت ،عمر ایوب کی مسلسل غیر حاضری،الیکشن کمیشن سے اہم خبرآگئی

نااہلی ریفرنس پر سماعت ،عمر ایوب کی مسلسل غیر حاضری،الیکشن کمیشن سے اہم خبرآگئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کے خلاف نااہلی ریفرنس کی سماعت ایک بار پھر مؤخر کر دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ان کی عدم پیشی پر ریفرنس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ تاہم عمر ایوب ایک مرتبہ پھر کمیشن کے روبرو پیش نہ ہوئے۔ سماعت کے دوران ان کے جونیئر وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عمر ایوب کے وکیل پشاور ہائی کورٹ میں مصروف ہیں، لہٰذا سماعت کے لیے نئی تاریخ مقرر کی جائے۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ ’’انہیں اگلی تاریخ دے دیں‘‘، جس کے بعد کمیشن نے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے 30 مئی 2025 کو اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی نااہلی کے لیے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا۔ یہ ریفرنس سابق رکن قومی اسمبلی بابر نواز کی جانب سے دائر کیا گیا تھا، جو عام انتخابات 2024 میں حلقہ این اے-18 (ہری پور) سے عمر ایوب کے ہاتھوں 82 ہزار ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست کھا چکے تھے۔

الیکشن کمیشن نے ریفرنس کی پہلی سماعت 4 جون کو مقرر کی تھی، اور دونوں فریقین کو باقاعدہ نوٹسز بھی جاری کیے گئے تھے۔

Scroll to Top