احتجاج ناکام یا کامیاب؟ بیرسٹر گوہر کا واضح مؤقف سامنے آ گیا

احتجاج ناکام یا کامیاب؟ بیرسٹر گوہر کا واضح مؤقف سامنے آ گیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے ملک بھر میں ہونے والے احتجاج کو ’’کامیاب ‘‘قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے سڑکوں پر آ کر اپنے مؤقف کا اظہار کیا اور ثابت کر دیا کہ وہ آج بھی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ’’کل کا احتجاج کامیاب رہا، پاکستان کے 170 اضلاع، تمام تحصیلوں اور یونین کونسلز میں عوام نے بھرپور شرکت کی، نعرے بلند کیے اور پرامن احتجاج کے ذریعے اپنی آواز حکمرانوں تک پہنچائی۔‘‘

الیکشن کمیشن پر بھی تنقید
بیرسٹر گوہر نے اپنی گفتگو کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ’’یہ پہلی بار ہے کہ ملک کا الیکشن کمیشن خود اسٹے پر ہے، جس ادارے کو انتخابات کا نگہبان ہونا چاہیے، وہ خود قانونی غیر یقینی کی صورتحال کا شکار ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس براہِ راست کسی کو نااہل یا نوٹیفائی کرنے کا اختیار نہیں ہے، اور اس ادارے کی ساکھ عوام میں شدید متاثر ہو چکی ہے۔

عوامی ردعمل، پارٹی قیادت کا حوصلہ
پی ٹی آئی چیئرمین کے مطابق عوام کی بڑی تعداد میں شرکت اور پرامن احتجاج نے پارٹی کی قیادت کو مزید اعتماد دیا ہے کہ وہ قانونی اور آئینی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ’’یہ احتجاج صرف ایک سیاسی پیغام نہیں تھا، بلکہ یہ عوامی عزم کا مظہر تھا کہ ظلم، ناانصافی اور آئینی خلاف ورزیوں کے خلاف پاکستانی قوم خاموش نہیں رہے گی۔‘‘

Scroll to Top