ٹیکنالوجی کی دنیا میں صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ایک اور کوشش کے تحت واٹس ایپ نے گروپ چیٹس کے حوالے سے ایک نیا حفاظتی فیچر ’’سیفٹی اوور ویو‘‘ متعارف کرا دیا ہے۔
اس فیچر کا مقصد صارفین کو مشتبہ یا ناپسندیدہ گروپس میں شامل ہونے سے قبل مکمل آگاہی فراہم کرنا ہے، خاص طور پر جب انہیں ایسے افراد گروپ میں شامل کریں جو ان کی کانٹیکٹ لسٹ میں موجود نہیں۔
نئے فیچر کے تحت اگر کوئی اجنبی صارف آپ کو کسی گروپ میں شامل کرتا ہے تو واٹس ایپ اس گروپ سے متعلق اہم تفصیلات آپ کے سامنے رکھے گا، جن میں گروپ بنانے والے کا نام، گروپ کی تخلیق کی تاریخ، کل اراکین کی تعداد، اور آپ کو شامل کرنے والے شخص کی شناخت شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں آن لائن ڈومیسائل سروس معطل
یہ معلومات صارف کو یہ فیصلہ کرنے میں مدد فراہم کرے گی کہ آیا وہ گروپ محفوظ ہے یا نہیں اور آیا اسے اس میں رہنا چاہیے یا فوراً چھوڑ دینا چاہیے۔
اس دوران جب تک صارف گروپ میں شامل رہنے کا فیصلہ نہ کرے گروپ کی تمام نوٹیفکیشنز خودکار طور پر میوٹ رہیں گی تاکہ کوئی غیر ضروری مداخلت نہ ہو۔
میٹا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’سیفٹی اوور ویو‘‘ صرف اسی وقت فعال ہوگا جب کوئی غیرمحفوظ کانٹیکٹ (یعنی اجنبی شخص) کسی صارف کو گروپ میں شامل کرے۔
یہ اقدام واٹس ایپ کی اُن پالیسیوں کا حصہ ہے جن کا مقصد صارفین کو فراڈ، اسپام اور دیگر آن لائن خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔
اس کے علاوہ واٹس ایپ نے حالیہ کارروائیوں کے دوران 6 لاکھ 80 ہزار سے زائد ایسے اکاؤنٹس پر پابندی عائد کی ہے جو مختلف اسکیم سینٹرز یا مشکوک سرگرمیوں سے منسلک تھے۔
یہ بھی پڑھیں : آئی سی سی کی تازہ ٹی20 رینکنگ جاری، پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری
یہ نیا فیچر نہ صرف صارفین کو معلوماتی تحفظ دے گا بلکہ واٹس ایپ پر بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کو بھی کم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔





