واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنی اقتصادی پالیسیوں کا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ صرف ایک سال قبل دیوالیہ قرار دیے جانے والا امریکا، آج ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ اب کئی بین الاقوامی کمپنیاں امریکا میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی پالیسیوں کا مقصد امریکا کی صنعتوں کو مضبوط بنانا ہے، اور وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ امریکا میں فروخت ہونے والے آئی فون، امریکا میں ہی تیار ہوں۔
ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ ان کی حکومت سیمی کنڈکٹرز اور چِپس پر تقریباً 100 فیصد ٹیرف عائد کرنے جا رہی ہے، تاکہ ملکی صنعت کو عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنایا جا سکے۔
مزید برآں ٹرمپ نے جارجیا میں ایک فوجی اڈے پر حملے کی تصدیق کی، جس میں پانچ افراد زخمی ہوئے، جن میں دو کی حالت تشویشناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مستونگ کے شہداء کو سلام، قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا
انہوں نے بتایا کہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ٹرمپ نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں ایسے واقعات ناقابل قبول ہیں اور جو بھی اس میں ملوث ہوگا، اسے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔





