انسٹاگرام صارفین کے لیے خوشخبری ہے، میٹا نے پلیٹ فارم پر تین نئے فیچرز متعارف کرا دیے ہیں جن کا مقصد صارفین کو اپنے سوشل نیٹ ورک سے زیادہ مؤثر انداز میں جوڑنا اور ان کے تجربے کو مزید دل چسپ بنانا ہے۔
نئے فیچرز میں سب سے نمایاں “ری پوسٹ” کا آپشن ہے، جو صارفین کو دیگر افراد کی پبلک پوسٹس اور ریلز کو اپنے پروفائل پر شیئر کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ اس فیچر کے تحت اصل پوسٹ بنانے والے کو باقاعدہ کریڈٹ دیا جائے گا، جب کہ شیئر کردہ مواد پروفائل کے ایک علیحدہ ٹیب میں دکھائی دے گا۔
میٹا کے مطابق، پوسٹس یا ریلز کو ری شیئر کرنا اب مزید آسان ہوگا کیونکہ ایک نیا “ری شیئر” آئیکون بھی شامل کر دیا گیا ہے، جس کی مدد سے مواد مزید لوگوں تک پہنچایا جا سکے گا۔
دوسرا نیا فیچر “انسٹاگرام میپ” ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی آخری متحرک (Active) لوکیشن منتخب رابطوں کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔ صارفین کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ کس سے اپنی لوکیشن شیئر کرنا چاہتے ہیں اور کن مقامات کی معلومات پوشیدہ رکھنا چاہتے ہیں۔
یہ فیچر پوسٹس، اسٹوریز اور ریلز کو مقام کی بنیاد پر دیکھنے کا آپشن بھی فراہم کرتا ہے، جبکہ صارفین کسی بھی وقت لوکیشن شیئرنگ کو بند بھی کر سکتے ہیں۔
تیسرا فیچر “فرینڈز ٹیب” ہے، جو انسٹاگرام کے ریلز سیکشن کے اوپر نمایاں ہوگا۔ اس ٹیب میں صارف کے دوستوں یا فالوورز کی پبلک پوسٹس اور ریلز کو الگ سے دیکھا جا سکے گا۔ یہ فیچر پہلے محدود صارفین کے لیے دستیاب تھا، لیکن اب اسے عالمی سطح پر مرحلہ وار پیش کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کرکٹ بورڈ نے حیدر علی کو معطل کر دیا، اصل وجہ سامنے آگئی
میٹا کا کہنا ہے کہ ان تینوں فیچرز کا مقصد انسٹاگرام کے تجربے کو مزید ذاتی، بامعنی اور انٹرایکٹو بنانا ہے تاکہ صارفین اپنے قریبی لوگوں سے بہتر انداز میں منسلک رہ سکیں۔





