مسلح افواج کا عزم: قوم اپنے ان ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا

پاکستان کی مسلح افواج نے نشانِ حیدر میجر طفیل محمد شہید کو ان کے 67ویں یومِ شہادت پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر اعلیٰ عسکری قیادت نے وطن کے اس عظیم سپوت کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اُن کی جرات، حب الوطنی اور ایثار کو پاکستانی قوم کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف، جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف دی نیول اسٹاف، اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف دی ائیر سٹاف، نے اس موقع پر متحد ہو کر شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

میجر طفیل محمد شہید نے 1958 میں سابق مشرقی پاکستان کے لکشمی پور سیکٹر میں دشمن کے خلاف بے مثال جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے اپنی قیادت برقرار رکھی اور دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔ ان کی اس بے مثال شجاعت پر انہیں ملک کا اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر عطا کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کو سلام پیش کرتی ہیں۔

شہداء کی قربانیاں ملک کے امن، خودمختاری اور استحکام کی ضامن ہیں۔ ان کی بے لوث خدمات اور جرات مندانہ کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

Scroll to Top