پاکستان سمیت عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی ہے، جس سے گزشتہ تین دنوں سے جاری اضافے کا سلسلہ ختم ہو گیا ہے۔ سونے کی قیمتوں میں یہ کمی زیورات خریدنے والے صارفین کے لیے جزوی ریلیف کا باعث بنی ہے۔
آل پاکستان صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 300 روپے کی کمی ہوئی ہے اور یہ اب 3 لاکھ 62 ہزار 400 روپے پر پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 257 روپے کی کمی ہوئی ہے، جو اب 3 لاکھ 10 ہزار 699 روپے ہے۔
نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کے مطابق عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں معمولی کمی دیکھی گئی ہے، جہاں فی اونس سونا 3 ڈالر کی کمی کے بعد 3397 ڈالر پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
چاندی کی قیمت میں بھی کمی کا رجحان برقرار ہے۔ پاکستان میں فی تولہ چاندی کی قیمت 9 روپے کم ہو کر 4064 روپے ہو گئی ہے، جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 0.09 ڈالر کی کمی سے 38.31 ڈالر پر آ گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ تین دنوں میں سونے کی قیمت میں فی تولہ 4900 روپے تک اضافہ اور عالمی مارکیٹ میں 49 ڈالر تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، تاہم اب یہ معمولی کمی کا رجحان دکھائی دے رہا ہے۔





