اسلام آباد ایئرپورٹ کی 8 روزہ بندش کی خبروں کی تردید

اسلام آباد: پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آٹھ روز کے لیے بندش کی خبروں کو بے بنیاد اور غلط قرار دے دیا ہے۔

ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ یومِ آزادی کی تیاریوں اور فضائی ریہرسل کے باعث صرف کچھ مخصوص دنوں اور اوقات میں پروازوں کی آمد و روانگی عارضی طور پر معطل کی جائے گی۔

جاری کردہ نوٹم (نوٹس ٹو ایئرمین) کے مطابق 11 سے 13 اگست کے دوران رات 8 بجے سے 10 بجے تک اسلام آباد ایئرپورٹ پر فضائی سرگرمیاں محدود رہیں گی، اور ان اوقات میں کوئی پرواز شیڈول نہیں کی جائے گی۔

ایئرلائنز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان محدود اوقات میں اپنے فلائٹ شیڈول کو ایڈجسٹ کریں۔ترجمان کے مطابق یہ پابندیاں محض مختصر وقت کے لیے ہیں اور اس کا مقصد یومِ آزادی کے موقع پر ہونے والی تقریبات اور ایئر شو کی تیاریوں کو ممکن بنانا ہے۔ باقی تمام اوقات میں ایئرپورٹ پر معمول کے مطابق پروازوں کی آمد و رفت جاری رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں : صرف 6,529 روپے ماہانہ میں اپنی ہونڈا بائیک حاصل کریں!

ترجمان نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی فلائٹس کی روانگی سے قبل متعلقہ ایئرلائن سے وقت کی تصدیق ضرور کریں تاکہ کسی پریشانی سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top