پاک فوج کے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکا کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ دورہ دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے امور پر تبادلہ خیال کے لیے نہایت اہمیت کا حامل رہا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے دورے کے دوران امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے ہیڈکوارٹر ٹیمپا، فلوریڈا میں کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں جنرل مائیکل کریلا کی ریٹائرمنٹ اور ایڈمرل بریڈ کوپر کی کمان سنبھالنے کے موقع پر موجود تھے۔
نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز)کے مطابق فیلڈ مارشل نے جنرل مائیکل کریلا کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاک امریکا عسکری تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے دفاعی اداروں کے درمیان جاری تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
دورہ امریکا کے دوران فیلڈ مارشل نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی سے بھی ملاقاتیں کیں، جہاں انہوں نے تارکین وطن پاکستانیوں کے کردار اور خدمات کو سراہا اور انہیں پاکستان کی ترقی میں شراکت کے لیے متحرک رہنے کی ترغیب دی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں جیو اسٹریٹیجک تبدیلیاں تیزی سے رونما ہو رہی ہیں، اور عالمی سطح پر سیکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت بڑھتی جا رہی ہے۔





