پاکستان اور مائکرونیشیا نے باضابطہ سفارتی تعلقات قائم کر لیے

پاکستان اور مائکرونیشیا نے نیویارک میں باضابطہ سفارتی تعلقات قائم کر لیے ہیں۔

پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ سفیر عاصم افتخار احمد اور وفاقی ریاست مائکرونیشیا کے مستقل مندوب سفیر جیم ایس۔ لپوے نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے، جس کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات کو رسمی شکل دی گئی ہے۔

دستخطی تقریب پاکستان مشن برائے اقوام متحدہ میں منعقد ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے سفارتکاروں کے علاوہ پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون بھی شریک ہوئے۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر قائم ہو رہے ہیں، جس پر انہیں بہت خوشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تعلقات انسانی وسائل کی ترقی، استعداد کار میں اضافہ اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے اہم شعبوں میں تعاون کے نئے دروازے کھولیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک اقوام متحدہ میں عالمی امن اور سلامتی کے فروغ سمیت اہم عالمی امور پر قریبی تعاون کریں گے۔ سفیر عاصم افتخار احمد نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان وہ 100واں ملک ہے جس کے ساتھ مائکرونیشیا نے تعلقات قائم کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں امن کے قیام میں کوئی سمجھوتہ نہیں، ہر شہری محفوظ ہوگا، چیف سیکرٹری

دوسری جانب، سفیر جیم ایس۔ لپوے نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دوستی اور شراکت داری کے اس نئے باب کا آغاز ان کے لیے فخر کی بات ہے۔

انہوں نے پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کے دفاتر کھولنے میں مدد پر شکریہ ادا کیا اور اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں بھی اظہار کیا۔

تقریب سے قبل دونوں سفراء کے درمیان ایک ملاقات بھی ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور اقوام متحدہ کے فورم پر تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Scroll to Top