سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہر ممکن معاونت کی جائے گی، علی امین گنڈاپور

سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہر ممکن معاونت کی جائے گی، علی امین گنڈاپور

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، بشمول باجوڑ، بٹگرام اور بونیر میں طوفانی بارشوں کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں جانی و مالی نقصان پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

وزیر اعلیٰ امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، انہوں نے متعلقہ اداروں کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے سیلابی ریلوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے بھرپور کارروائی کرنے اور لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ نے تمام ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے 24 گھنٹوں میں کتنی اموات ہوئیں؟ رپورٹ جاری

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور عوام کو بروقت تحفظ فراہم کرنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

Scroll to Top