نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی آفت پر دل دکھی ہے اور حکومت متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ادارے، مسلح افواج اور مقامی انتظامیہ امدادی سرگرمیوں میں دن رات مصروف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا، جس میں متاثرہ علاقوں کے لیے ریلیف پلان پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ ان کا برطانیہ کا دورہ طویل عرصے سے طے شدہ تھا، تاہم موجودہ صورتحال کے تناظر میں انہوں نے صرف سرکاری ملاقاتوں کو برقرار رکھنے اور پاکستانی کمیونٹی سے طے شدہ ملاقات کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی اور ریلیف آپریشنز پر توجہ مرکوز رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرہ افراد کے لیے دعا کریں اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ ڈالیں۔
واضح رہے کہ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب کے باعث 307 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ان میں 279 مرد، 15 خواتین اور 13 بچے شامل ہیں۔ درجنوں افراد زخمی اور درجنوں مکانات کو جزوی یا مکمل نقصان پہنچا ہے۔





