خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان فراز مغل نے کہا ہے کہ صوبے کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تین مراحل پر مشتمل ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 5,000 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، دوسرے مرحلے میں زمینی رابطے سے محروم علاقوں میں بھاری مشینری روانہ کی گئی۔
ترجمان وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ تیسرے اور حتمی مرحلے میں جدید آلات کی مدد سے لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے اور سکیننگ ٹیکنالوجی کے ذریعے مٹی اور پتھروں کے نیچے دبے افراد کو تلاش کیا جا رہا ہے، مقامی اور بین الاقوامی امدادی تنظیمیں بھی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت کی مکمل خاموشی اور عدم تعاون پر سخت افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت اور تمام ادارے فیلڈ میں موجود ہیں مگر وفاق کی جانب سے تاحال کوئی مدد موصول نہیں ہوئی نہ کوئی وفاقی وزیر آیا، نہ وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا حکومت نے سیلاب متاثرہ اضلاع کے لیے امدادی سامان روانہ کر دیا
ترجمان کا کہنا تھا کہ بتایا کہ اب تک سیلاب کی تباہ کاریوں سے 400 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور ہزاروں خاندان بے گھر ہو گئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہم تقریریں نہیں زمینی سطح پر عملی اقدامات چاہتے ہیں، صوبائی حکومت عوام کے نقصانات کا ازالہ کرے گی اور ہر متاثرہ خاندان تک پہنچے گی۔





