خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے سرکاری اسکولوں کی نجکاری کی منظوری دے دی

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے 36 اضلاع میں قائم 4,147 سرکاری اسکولوں کی نجکاری کی منظوری دے دی ہے، جن میں 2,313 گرلز اور 1,834 بوائز اسکول شامل ہیں۔

مشرق ٹی وی ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے نتیجے میں 10 ہزار سے زائد اساتذہ کو فارغ کرنے یا دیگر اسکولوں میں ایڈجسٹ کرنے کی تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پشاور میں 63 اسکول، مانسہرہ اور بنوں میں 416، ایبٹ آباد میں 374، ہری پور میں 202، ڈی آئی خان میں 191، کرک میں 180، شمالی و جنوبی وزیرستان میں مجموعی طور پر 312، اپر کوہستان میں 146شامل ہیں۔

جبکہ کزئی میں 134، بٹگرام میں 128، ٹانک میں 125، کوہاٹ اور صوابی میں 112، سوات اور لکی مروت میں 110، اپر چترال میں 97، اور دیگر اضلاع کے درجنوں اسکول شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے تعلیمی ادارے سیلاب کی لپیٹ میں، متاثرہ اسکولوں کی تفصیل جاری

حکام کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع میں اسکولوں کی نجکاری کے لیے دو ہفتے کے اندر اندر انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام تعلیمی نظام میں بہتری اور وسائل کے بہتر استعمال کے لیے اٹھایا جا رہا ہے تاہم مختلف حلقوں کی جانب سے اس پر تحفظات کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top