وی پی این کے نام پر نگرانی؟ صارفین ہو جائیں خبردار

سائبر سیکیورٹی ماہرین نے گوگل کروم کے ایک مقبول وی پی این ایکسٹینشنFreeVPN.One کے حوالے سے سنگین خدشات کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ ایکسٹینشن ممکنہ طور پر صارفین کی نگرانی کر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس ایکسٹینشن کو اب تک ایک لاکھ سے زائد بار ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایکسٹینشن صارفین کی براؤزنگ سرگرمیوں کو محفوظ بنانے کے بجائے، ان کی رازداری پر سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ FreeVPN.One ان تمام ویب سائٹس کے اسکرین شاٹس لیتا ہے، جن پر صارفین وزٹ کرتے ہیں، جن میں ذاتی تصاویر، بینکاری کی تفصیلات، میڈیکل ریکارڈز اور دیگر حساس معلومات شامل ہو سکتی ہیں۔

اگرچہ ایکسٹینشن میں موجود ’AI Threat Detection‘ نامی فیچر صارف کو اسکرین شاٹ لینے کے بارے میں خبردار کرتا ہے، تاہم دیگر کئی حصے پس منظر میں خاموشی سے ڈیٹا اکٹھا کرتے ہیں، جس کا صارف کو کوئی علم نہیں ہوتا۔

ڈیویلپرز کا مؤقف ہے کہ یہ اسکرین شاٹس صرف مشتبہ ویب سائٹس سے لیے جاتے ہیں اور انہیں کہیں محفوظ نہیں کیا جاتا، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ ان دعووں کی آزادانہ تصدیق ممکن نہیں۔

سیکیورٹی ماہرین نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی وی پی این ایکسٹینشن کے استعمال سے پہلے اس کی پالیسیز اور پرمیشنز کا بغور جائزہ لیں تاکہ وہ اپنی آن لائن رازداری کو محفوظ رکھ سکیں۔

Scroll to Top