سوات: ضلع سوات کے مرکزی شہر مینگورہ میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں شہر کا بیشتر انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے۔
ان مشکل حالات میں مدارس کے ہزاروں طلبا اپنی مدد آپ کے تحت متاثرین کی بحالی میں سرگرم ہیں۔
سیلاب سے متاثرہ ایک گھر میں امدادی کام کے دوران مدرسے کے طلباء کو لاکھوں روپے مالیت کے زیورات ملے، جو انہوں نے فوری طور پر متاثرہ خاتون کے حوالےکر دیے، جس پر اہلِ علاقہ اور سوشل میڈیا پر طلبا کے جذبہ امانت داری کو خوب سراہا جا رہا ہے۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی اپیل پر مختلف دینی مدارس کے تقریباً 3 ہزار طلبا خیبر پختونخوا کے مختلف سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خوشیوں بھری صبح، ایک لمحے میں قیامت، ماں اور بچے ملبے تلے جاں بحق
یہ طلبا ریسکیو اداروں، فلاحی تنظیموں اور مقامی رضاکاروں کے شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں۔
ان طلبا کی امدادی کارروائیاں نہ صرف متاثرین کے لیے سہارا بنی ہیں بلکہ معاشرے میں دینی مدارس کی سماجی کردار کو بھی مثبت انداز میں اجاگر کر رہی ہیں۔





