فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج بلوچستان کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ انہوں نے یہ بات بلوچستان کے اہم دورے کے دوران کہی، جہاں انہوں نے سیکیورٹی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے تربت کا دورہ کیا، جہاں انہیں مجموعی سیکیورٹی صورتحال، درپیش خطرات، “فتنہ الہندوستان” کے خلاف کامیاب آپریشنز، اور جنوبی بلوچستان میں جاری ترقیاتی و سماجی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری بلوچستان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ فیلڈ مارشل نے سول قیادت سے ملاقات کے دوران گڈ گورننس، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، اور عوام دوست ترقیاتی حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ بلوچستان کو درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے سول و عسکری اداروں کے درمیان قریبی تعاون اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ فیلڈ مارشل نے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے پاک فوج کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے جوانوں سے ملاقات کی، اور ان کے بلند حوصلے، قومی خودمختاری کے دفاع کے لیے جذبے اور پیشہ ورانہ تیاری کو سراہا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے قیام میں جوانوں کے کردار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
قبل ازیں تربت پہنچنے پر کور کمانڈر بلوچستان نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔





