خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اقدام، غیر قانونی کان کنی اور سونے کی تلاش پر پابندی عائد، وجہ کیا بنی؟ جانئے

خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اقدام، غیر قانونی کان کنی اور سونے کی تلاش پر پابندی عائد، وجہ کیا بنی؟ جانئے

خیبرپختونخوا حکومت نے غیر قانونی کان کنی کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دریائے سندھ اور دریائے کابل کے کناروں پر سونے کی تلاش (پلیسر آف گولڈ) پر 60 دن کی پابندی عائد کر دی ہے۔

محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ فیصلہ ماحولیاتی تحفظ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سوات، نوشہرہ، کوہاٹ اور ملحقہ علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، تاکہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کان کنی سے ماحولیاتی نظام کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ سرگرمیاں دریاؤں کے اطراف کے علاقوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔

اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ غیر قانونی کان کنی کرنے والوں کا سامان ضبط کیا جائے گا۔خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیراتِ پاکستان کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق، یہ معاملہ حالیہ خیبرپختونخوا کابینہ اجلاس میں بھی زیر بحث آیا تھا، جہاں معدنیات کے محکمے کو فوری آپریشن کی ہدایت کی گئی تھی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ قانون شکنی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور ماحول دوست پالیسیوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Scroll to Top