جناح ہاؤس حملہ کیس، علیمہ خان کا بیٹا شیر شاہ عدالت پیش، پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

جناح ہاؤس حملہ کیس، علیمہ خان کا بیٹا شیر شاہ عدالت پیش، پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

جناح ہاؤس حملہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے بیٹے شیر شاہ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ملزم کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز)کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔ پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ شیر شاہ جائے وقوعہ پر موجود تھا، جہاں اسلحہ کا استعمال بھی ہوا، اور ویڈیو شواہد میں بھی اس کی موجودگی ثابت ہوتی ہے۔ استغاثہ کے مطابق ملزم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی ریکوری باقی ہے، اس لیے تیس روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

ملزم کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ شیر شاہ کو 27 ماہ بعد گرفتار کیا گیا، جو غیر قانونی ہے۔ وکیل نے کہا کہ ملزم گزشتہ روز اپنے بھائی کے ساتھ عدالت میں پیش ہوا، جہاں سے اسے حراست میں لیا گیا۔ انہوں نے دلائل دیے کہ عدالت کو پولیس کی استدعا مسترد کر کے ملزم کو ڈسچارج کرنا چاہیے۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا اور بعدازاں پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دے دی، جس کے تحت شیر شاہ کو مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

Scroll to Top