بانی پی ٹی آئی کا فیصلہ ہے ایسے ضمنی الیکشن نہیں لڑینگے جسکا نتیجہ پہلے سے مرتب ہو،سلمان اکرم

بانی پی ٹی آئی کا فیصلہ ہے ایسے ضمنی الیکشن نہیں لڑینگے جسکا نتیجہ پہلے سے مرتب ہو،سلمان اکرم

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ پارٹی ایسے ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے گی جن کے نتائج پہلے سے طے شدہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اب مزید سیاسی ڈھکوسلوں اور نمائشی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔

نجی ٹی وی چینل(جیو نیوز)سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمران خان نے واضح ہدایت دی ہے کہ تمام قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا جائے اور ان انتخابات میں شرکت نہ کی جائے جو شفافیت سے عاری ہوں۔

انہوں نے کہا’’یہ جھوٹ پر کھڑا ہوا نظام ہے، یہاں صرف ایک قانون چل رہا ہے، اور وہ ہے جبر کا قانون۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی ارکان کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتاریاں ہو رہی ہیں، اس لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ قائمہ کمیٹیوں سے الگ ہو کر احتجاجاً سسٹم کا بائیکاٹ کیا جائے۔

سلمان اکرم راجا نے عمران خان سے اپنی ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ ’’میری ان سے ملاقات میرا قانونی حق ہے کیونکہ میں ان کے متعدد مقدمات میں وکیل ہوں۔ تاہم 3 سے 4 ماہ سے ان کے اہل خانہ کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ آج کچھ قانونی مشاورت درکار تھی لیکن اچانک سماعت ملتوی کر دی گئی۔‘‘

انہوں نے عمران خان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’سب سے بڑی طاقت روحانی اور اخلاقی طاقت ہوتی ہے، جب کہ جسمانی طاقت سب سے کم تر ہے۔‘‘

پی ٹی آئی کی موجودہ تنظیمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا’’آج پارٹی پہلے سے زیادہ منظم اور مضبوط ہے، لیکن حکومتی رویہ جمہوری ماحول کے برعکس ہے۔‘‘

دوسری جانب ملک میں جاری سیلابی صورتحال پر بات کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ’’خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں قدرتی آفت کا سامنا ہے اور اس کا مقابلہ اجتماعی حکمت عملی سے کیا جانا چاہیے، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حکومت سیاسی کشیدگی کم کرنے میں سنجیدہ نہیں، جس کا نقصان ملک کو ہو رہا ہے۔‘‘

Scroll to Top