بچوں کے دل کے مریضوں کے لیے خوشخبری، دو نئے آپریشنز نے امید جگا دی

پشاور: پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) اور پاکستان چلڈرن ہارٹ فاؤنڈیشن کے باہمی تعاون سے ویتنام سے آئے پیڈیاٹرک سرجنز کی ٹیم اور پی آئی سی کے پیڈز کارڈیالوجی و کارڈیک سرجری ڈیپارٹمنٹ نے 14 بچوں کے پیچیدہ اور کامیاب دل کے آپریشن کر کے نئی زندگیاں لوٹا دیں۔

پی آئی سی کی ترجمان رفعت انجم کے مطابق یہ کامیاب آپریشنز 5 روزہ خصوصی تربیتی ورکشاپ کے دوران انجام دیے گئے، جس میں مقامی اور بین الاقوامی ماہرین شریک تھے۔

ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی آئی سی پیڈز کارڈیالوجی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسین نے بتایا کہ اس اشتراک سے نہ صرف درجنوں بچوں کو نئی زندگی ملی بلکہ دل کے دو نئے پیچیدہ آپریشنز بھی متعارف کروائے گئے، جو خاص طور پر ان بچوں کے لیے ہیں جو نیلا پن جیسی کیفیت کا سامنا کرتے ہیں۔

ویتنامی پیڈیاٹرک سرجن پروفیسر ڈاکٹر کاؤ ڈانگ کہانگ نے کہا ہم پاکستانی عوام سے محبت کرتے ہیں، اور خیبر پختونخوا کے بچوں کے لیے یہ اشتراک طبی سہولیات کی فراہمی میں ایک مثالی اقدام ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: بھانہ ماڑی سے افسوسناک خبر سامنے آ گئی

دونوں ممالک کے درمیان تعاون جاری رہا تو ہم غریب اور بیمار بچوں کے لیے مزید مؤثر اقدامات کر سکیں گے۔

پی آئی سی کے پیڈز کارڈیک سرجن ڈاکٹر مجیب الرحمن داوڑ نے کہا کہ ویتنامی ماہرین کے ساتھ یہ شراکت داری نہ صرف بچوں کے لیے مفید ہے بلکہ پاکستانی نوجوان سرجنز کی مہارت بڑھانے میں بھی اہم سنگ میل ہے۔

کامیاب آپریشنز انجام دینے والی ٹیم میں پی آئی سی کے ڈاکٹر اعجاز حسین، ڈاکٹر مجیب الرحمن سمیت ویتنام کی یونیورسٹی میڈیکل سینٹر ہوچی من سٹی کی ٹیم شامل تھی، جن میں پروفیسر ڈاکٹر کاؤ ڈانگ کہانگ، ڈاکٹر ہوآن کوک ترنگ اور ڈاکٹر لی ہانگ آہ شامل تھے۔

Scroll to Top