ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 2 میجر سمیت 5 اہلکار شہید،آئی ایس پی آر

پاک فوج کا ایک تربیتی ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر گلگت کے علاقے ہڈور گاؤں کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں دو میجرز سمیت پانچ اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔ حادثے کی تصدیق انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کر دی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حادثہ آج صبح تقریباً 10 بجے پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ دورانِ پرواز تکنیکی خرابی کے باعث یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ جائے حادثہ تھک داس کینٹ سے تقریباً 12 کلومیٹر دور واقع ہے۔

ہیلی کاپٹر میں سوار تمام اہلکار شہید ہو گئے، جن میں شامل ہیں:
میجر عاطف (پائلٹ اِن کمانڈ)
میجر فیصل (کو پائلٹ)
نائب صوبیدار سبحان مقبول (فلائٹ انجینئر)
حوالدار جہانگیر (کریو چیف)
نائیک عامر (کریو چیف)

آئی ایس پی آر کے مطابق تربیتی مشنز آرمی ایوی ایشن کی معمول کی سرگرمیوں کا حصہ ہوتے ہیں، جن کا مقصد فوجی اہلکاروں کی آپریشنل تیاری کو برقرار رکھنا ہوتا ہے۔ ان مشنز کے ذریعے اہلکاروں کو آپریشنل سپورٹ، انسانی ہمدردی کے مشن اور قدرتی آفات میں ریلیف آپریشنز جیسے اہم کاموں کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا’’پاک فوج ہر شعبے میں اپنی پیشہ ورانہ تیاری کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔‘‘

وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت میں پیش آنے والے اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی بلندیٔ درجات کی دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

Scroll to Top