وزیراعظم شہباز شریف نے چین کا اہم اور مصروف ترین سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
روانگی سے قبل بیجنگ کے کیپیٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چینی قیادت کی جانب سے وزیراعظم شہبازشریف کا پرتپاک الوداعی استقبال کیا گیا۔
وزیراعظم کو الوداع کہنے والوں میں پیپلز پولیٹیکل کنسلٹیٹو کانفرنس کی بیجنگ میونسپل کمیٹی کی رکن ہین زیرونگ، چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور دیگر اعلیٰ سفارتی حکام شامل تھے۔
دورہ چین کے دوران وزیراعظم نے تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظم کے سربراہان کی 25ویں کانفرنس اورایس سی او پلس اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے دوسری جنگ عظیم میں فاشزم کے خلاف جدوجہد کی 80ویں سالگرہ کی عالمی تقریبات میں بھی شرکت کی۔
وزیراعظم نے دورے کے دوران چینی صدر اور وزیراعظم سمیت روس، ایران، ترکی، آذربائیجان اور تاجکستان کے سربراہان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جن میں دوطرفہ تعاون، علاقائی استحکام اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور چین کے درمیان 4.2 ارب ڈالرز کے ایم او یوز اور جوائنٹ وینچرز پر دستخط
دورے کے دوران بیجنگ میں منعقدہ دوسری چین، پاکستان بزنس ٹو بزنس کانفرنس میں بھی شہباز شریف نے شرکت کی، تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینے پر زور دیا گیا۔





