گندم کے نرخوں میں ہوشربا اضافہ مافیا کی کارستانی، بااثر افراد پشت پناہی کر رہے ہیں، مشیر خزانہ خیبرپختونخوا

گندم کے نرخوں میں ہوشربا اضافہ مافیا کی کارستانی، بااثر افراد پشت پناہی کر رہے ہیں، مشیر خزانہ خیبرپختونخوا

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ ملک میں وافر مقدار میں گندم موجود ہونے کے باوجود نرخوں میں ہوشربا اضافہ ایک مافیہ کی کارستانی ہے، جسے بااثر افراد کی سرپرستی حاصل ہے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ 2022 میں پاکستان میں آخری بار گندم کی بمپر کراپ آئی تھی، اس کے بعد سے ملک کے کسان بدترین مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ “جب تک کسان خوشحال نہیں ہوگا، پاکستان خوشحال نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت گندم سستا کرنے کا کریڈٹ تو لے رہی ہے، لیکن درحقیقت کسانوں سے گندم خرید کر ذخیرہ اندوزوں کے حوالے کر دی گئی۔

مزمل اسلم نے کہا کہ اب گندم کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے، 40 کلوگرام گندم کا ریٹ 3943 روپے تک پہنچ چکا ہے جو کہ 72 ہفتوں کی بلند ترین سطح ہے۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ گندم کی قیمتوں میں 50 فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے اور یہ کوئی معمولی بات نہیں،آٹا جو پہلے 70 روپے فی کلو دستیاب تھا، اب 120 روپے فی کلو میں مل رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کہتی ہے مہنگائی ختم ہو گئی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ مہنگائی نے غریب عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔

مزمل اسلم نے سیلاب کو گندم کی قلت سے جوڑنے کے حکومتی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی فصل پہلے ہی کٹ چکی ہے اور اگلے سال تک کیلئے ذخائر موجود ہیں، انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ابھی تو گندم کی نئی فصل آنے میں سات سے آٹھ ماہ باقی ہیں، پھر کونسی قلت؟

ان کا کہنا تھا کہ گندم کے نرخوں میں اضافے کے پیچھے ایک منظم مافیا موجود ہے جسے حکومتی پالیسیوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔گندم کے نرخ میں اضافہ سیلاب سے جوڑنا صرف ایک بہانہ ہے، اصل کام تو ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخواحکومت کا ایسوسی ایٹ ڈگری کے حامل امیدواروں کو نوکری کیلئے اہل کرنے کا فیصلہ

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ گندم مافیا کے خلاف فوری کارروائی کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے، بصورت دیگر غریب عوام مزید مشکلات کا شکار ہو جائیں گے۔

Scroll to Top