وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے دیرپا حل کے لیے نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہزارہ کے عوام کی خواہشات کے مطابق صوبہ ہزارہ کا قیام ناگزیر ہے۔
نجی ٹی وی چینل(سما نیوز)کے مطابق سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ ملک میں مؤثر گورننس اور عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی اسی صورت ممکن ہے جب انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے تشکیل دیے جائیں۔ ان کے مطابق یہ مطالبہ صرف علاقائی نہیں بلکہ قومی مفاد سے جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتخابی منشور کا حصہ رہا ہے اور پارٹی اس پر سنجیدگی سے عمل پیرا ہے۔
وفاقی وزیر نے اپوزیشن کے پارلیمانی رویے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ پی ٹی آئی کے لیے سیاسی نقصان کا باعث بنے گا۔ ان کے مطابق جمہوری نظام میں اپوزیشن کا کردار کلیدی ہوتا ہے اور ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ پارلیمانی فورمز پر عوام کی نمائندگی کریں، نہ کہ بائیکاٹ کی سیاست کریں۔
سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ آج کا پاکستان نئے تقاضے مانگ رہا ہے، اور نئے صوبے نہ صرف ترقی کا ذریعہ ہوں گے بلکہ قوم میں اتحاد اور شراکت کا احساس بھی پیدا کریں گے۔





