اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے میجر عدنان اسلم شہید اور میجر سید معیز عباس شاہ شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان کی عظیم قربانیوں پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے دونوں افسران کی جرات، قیادت اور حب الوطنی کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور یہ پاکستان کی اعلیٰ عسکری روایات کی عکاسی کرتی ہیں۔
صدر زرداری نے اس موقع پر شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں : مون سون کاسلسلہ آئندہ2سے 3روز کے دوران جاری رہے گا، چیئرمین این ڈی ایم اے
واضح رہے کہ میجر عدنان اسلم بنوں میں دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے کے بعد جامِ شہادت نوش کر گئے تھے، جبکہ میجر سید معیز عباس شاہ نے جنوبی وزیرستان میں ایک انٹیلی جنس آپریشن کے دوران جان کا نذرانہ پیش کیا۔

دونوں بہادر افسران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۂ الخوارج کے خلاف لڑتے ہوئے مادرِ وطن پر قربان ہوئے، اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔





