خیبرپختونخوا میںسکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات پر دو اہم کارروائیوں کے دوران بھارت نواز دہشت گرد گروہ ’’فتنہ الخوارج‘‘ کے 31 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 13 اور 14 ستمبر کو ضلع لکی مروت اور ضلع بنوں میں کی گئیں، جنہیں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر انجام دیا گیا۔
پہلی کارروائی ضلع لکی مروت میں کی گئی جہاں خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر فورسز نے مؤثر حکمت عملی سے آپریشن کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج مارے گئے۔
اسی نوعیت کی دوسری بڑی کارروائی ضلع بنوں میں عمل میں لائی گئی، جہاں 17 مزید دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ دونوں کارروائیاں مؤثر انٹیلی جنس معلومات اور بروقت فیصلوں کا نتیجہ تھیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشنز بدستور جاری ہیں تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشت گرد کو انجام تک پہنچایا جا سکے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ سکیورٹی فورسز بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور ہر قیمت پر امن و استحکام کی بحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔





