وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے رواں ماہ 25 ستمبر کو ملاقات کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران متوقع ہے، جہاں دونوں رہنما عالمی اور خطے کے اہم مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ ملاقات قطر اور سعودی عرب کی مشاورت، حمایت اور تعاون سے ممکن ہو رہی ہے۔ ایجنڈے میں اسرائیل کے قطر پر حملوں کے اثرات، پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں، اور پاک بھارت کشیدگی جیسے اہم موضوعات شامل ہوں گے۔
ملاقات میں خطے میں امن و استحکام کے لیے تعاون اور انسانی ہمدردی کے امور پر بھی بات چیت متوقع ہے۔ تاہم، پاکستانی سفارتخانے نے اس ملاقات کے حوالے سے تردید یا تصدیق سے گریز کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ اقوام متحدہ کا یہ دور عالمی سطح پر پاکستان کی خارجہ پالیسی کی عکاسی کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن کے لیے کوششوں کو اجاگر کرنے کا اہم موقع ہوگا۔





