وزیراعظم محمد شہباز شریف 17 ستمبر سے سہ ملکی اہم سفارتی دورے پر روانہ ہوں گے، جس میں وہ سعودی عرب، برطانیہ اور امریکہ کا دورہ کریں گے۔ اس دورے کو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے دورے کا آغاز 17 ستمبر کو سعودی عرب سے کریں گے، جہاں وہ سعودی قیادت سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کریں گے۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
قومی اخبار (روزنامہ پاکستان ویب سائٹ)کے مطابق سعودی عرب کے بعد وزیراعظم شہباز شریف برطانیہ کا دورہ کریں گے، جہاں ان کی برطانوی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ملاقاتوں میں باہمی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر اہم امور پر بات چیت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم 21 ستمبر کو برطانیہ سے امریکہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم 22 ستمبر کو فلسطین سے متعلق سربراہ کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے، جبکہ ان کا جنرل اسمبلی سے خطاب 26 ستمبر کو شیڈول کیا گیا ہے۔
دورے کے اختتام پر وزیراعظم 27 ستمبر کو امریکہ سے براستہ برطانیہ وطن روانہ ہوں گے اور 29 ستمبر کو پاکستان واپس پہنچیں گے۔
یہ سہ ملکی دورہ سفارتی، اقتصادی اور بین الاقوامی تعلقات کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے، جس میں وزیراعظم پاکستان کا مؤقف عالمی رہنماؤں کے سامنے پیش کریں گے۔





