وزیراعظم شہباز شریف 3 ملکی اہم دورے پر روانہ ہو گئے ہیں، جس کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کے تعلقات کو فروغ دینا اور اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اسلام آباد سے اپنے دورے کا آغاز کرتے ہوئے سعودی عرب روانگی اختیار کی ہے، جہاں وہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان اور دیگر اعلیٰ سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب میں مختصر قیام کے بعد کل برطانیہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ دو روز قیام کریں گے اور برطانوی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔
وزیراعظم کے اس اہم بین الاقوامی دورے کا تیسرا مرحلہ امریکا ہوگا، جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اپنے دورۂ امریکا کے دوران وہ عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور جنرل اسمبلی سے خطاب کے ذریعے عالمی فورم پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے اس تین ملکی دورے سے پاکستان کے عالمی تعلقات، اقتصادی و سفارتی تعاون، اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے امکانات مزید روشن ہوں گے۔





