وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے حالیہ دورۂ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی حکومت کا پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی ہمیشہ مضبوط رہی ہے، اور ان کی دعا ہے کہ یہ رشتہ مزید گہرا ہو اور نئی بلندیوں کو چھوئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ’’ایکس‘‘(سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ایک خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب پہنچنے پر سعودی شاہی فضائیہ کے ایف-15 طیاروں نے ان کے جہاز کو اسکواٹ کیا، جب کہ پہنچنے پر سعودی افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جس نے ان کو بے حد متاثر کیا۔
’’سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے والہانہ استقبال پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تعلقات اور باہمی اعتماد کا مظہر ہے۔‘‘
وزیراعظم نے اس موقع پر ولی عہد محمد بن سلمان سے ہونے والی ملاقات کو خوشگوار اور بامقصد قرار دیا، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، تجارت، علاقائی سلامتی اور مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کی قومی قیادت اور مسلم اُمہ کے لیے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ پاکستان کی حمایت کرتے آئے ہیں، اور باہمی اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا’’دعا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی مزید مضبوط ہو اور نئی بلندیوں کو چھوئے، انشاء اللّٰہ!‘‘





