ایشیا کپ 2025 میں پاکستان کو بھارت کے خلاف دوسرے میچ میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا، بھارت نے پاکستان کو وکٹوں سے شکست دے دی، بھارت نے172رنزکاہدف4وکٹوں کےنقصان پر18.5اوورزمیں حاصل کیا۔
بھارتی بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ابھیشک شرما نے 39 گیندوں پر 74 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ شبمن گل نے 28 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔
سنجوسیمسن 13 جبکہ تلک ورما 13 اور ہارڈک پانڈا 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، بھارتی کپتان سوریہ کمار یادیو کریز پر نہ ٹک سکے، بغیر کوئی رن بنائے حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے،
بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان نے 45 گیندوں پر 58 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
دیگر بلے بازوں میں صائم ایوب 21، فخر زمان 15، حسین طلعت 10، محمد نواز 21 اور سلمان علی آغا 17 رنز بنا سکے، آخر میں فہیم اشرف نے 8 گیندوں پر 20 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر سکور میں اہم اضافہ کیا۔
بھارتی فیلڈرز نے میچ کے دوران 4 کیچز ڈراپ کیے، بولنگ میں شیوم ڈوبے نے 2 جبکہ کلدیپ یادیو اور ہاردک پانڈیا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: ہٹ دھرمی برقرار، بھارتی کپتان نے پھر پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہیں ملایا
یاد رہے کہ 14 ستمبر کو دبئی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں بھی بھارت نے پاکستان کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دی تھی، میچ میں بھارت نے پاکستان کا 128 رنز کا ہدف صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔





