پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایک مثالی اور دل چھو لینے والا قدم اٹھاتے ہوئے ایشیا کپ 2025 کے فائنل میچ کی اپنی مکمل میچ فیس بھارت کے حملے میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں، بچوں اور ان کے خاندانوں کے نام کر دی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ہم اپنی فائنل میچ کی فیس 7 مئی 2025 کو بھارت کی جارحیت میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے نام کرتے ہیں۔ ہماری دعائیں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سنسنی خیز فائنل میں بھارت نے آخری اوور میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔ تاہم، میچ کے بعد اصل توجہ دونوں ٹیموں کے رویے اور بیانات پر مرکوز ہو گئی۔
ٹورنامنٹ جیتنے کے باوجود بھارتی ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل (ACC) کے چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا، جس کے بعد محسن نقوی نے ٹرافی دینے سے انکار کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ’’ٹرافی صرف جیت کے لیے نہیں، کردار اور اسپورٹس مین اسپرٹ کے لیے دی جاتی ہے۔‘‘
بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو کو ٹورنامنٹ کے دوران ایک سیاسی پریس کانفرنس کرنے پر جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم فائنل کے بعد بھی وہ باز نہ آئے اور ایک بار پھر پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ وہ ایشیا کپ میں کھیلے گئے تمام میچز کی فیس بھارتی فوج کو دیں گے۔
واضح رہے کہ 7 مئی 2025 کو بھارت کی جانب سے پاکستان پر اچانک میزائل حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں درجنوں بے گناہ پاکستانی شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ پاکستان نے بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے 7 طیارے مار گرائے اور کئی بھارتی ائیر بیسز کو نشانہ بنایا۔ اس کے بعد بھارت نے امریکا کے ذریعے جنگ بندی کی درخواست کی۔ امریکی صدر خود اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ “میں نے دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان ممکنہ جنگ کو روکا۔‘‘





