بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی خصوصی جیل میں منتقلی کی خبر افواہ نکلی

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی خصوصی جیل میں منتقلی کی خبر افواہ نکلی

بانی پاکستان تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے راولپنڈی کی مبینہ ’’خصوصی جیل‘‘ منتقل کیے جانے کی اطلاعات بے بنیاد قرار دے دی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جیل حکام نے واضح کیا ہے کہ ایسی کوئی منتقلی نہ ہوئی ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی حکومتی یا عدالتی حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔کچھ روز سے یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو اڈیالہ جیل سے راولپنڈی میں قائم کسی خصوصی جیل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ تاہم، جیل ذرائع نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ محض قیاس آرائیاں ہیں اور ایسی کسی منتقلی کی کوئی حقیقت نہیں۔

نجی ٹی وی چینل (سٹی42 نیوز )کے مطابق راولپنڈی کی مبینہ خصوصی جیل فی الحال آپریشنل ہی نہیں۔نہ ہی کسی قیدی کو وہاں منتقل کیا گیا ہے۔کسی قیدی کی منتقلی صرف عدالت یا حکومت کی باقاعدہ منظوری سے ہی ممکن ہوتی ہے۔

پنجاب بھر میں قیدیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث مختلف شہروں میں نئی جیلوں کی تعمیر جاری ہے۔ حالیہ دنوں میںپنڈی بھٹیاں میں سب جیل کا افتتاح کیا جا چکا ہے۔راولپنڈی اور سمندری میں خصوصی جیلیں زیر تعمیر ہیں۔لاہور اور سیالکوٹ میں بھی نئی جیلوں پر کام جاری ہے۔

اس پس منظر میں بعض حلقوں کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی منتقلی سے متعلق خبریں غلط فہمیاں اور غیر مصدقہ اطلاعات ثابت ہوئیں۔

Scroll to Top